• ہم پاکستان میں جمہوری اصولوں اور قانون کی بالادستی کی مکمل حمایت کرتے ہیں
  • پاکستان کے ساتھ وسیع تر تعلقات کے لیے کانگریس کی پیش رفت پر اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ اس کا مشکور ہے
  • امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ سیکریٹری برائے قانونی امور نے رکنِ کانگریس ایلیسا سلوٹکن کو جواب

واشنگٹن (ویب نیوز)

امریکہ نے کہاہے کہ شہریوں کے حقوق کی پاسداری کرنے والا خوشحال اور جمہوری پاکستان امریکی مفادات کے لیے انتہائی اہم ہے۔یہ بات امریکی محکمہ خارجہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری برائے قانونی امور نے رکنِ کانگریس ایلیسا سلوٹکن کو جواب میں کہی ہے۔اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق سیکریٹری آف اسٹیٹ 9 مئی کو باور کرا چکے کہ امریکا پاکستان کی صورتِ حال کو آئین اور قانون کی بالا دستی کے عین مطابق دیکھنے کا خواہش مند ہے۔امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کی حکومت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں، ہم پاکستان میں جمہوری اصولوں اور قانون کی بالادستی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا خط کے جواب میں کہنا ہے کہ ڈپارٹمنٹ آف اسٹیٹ کی جاری کردہ انسانی حقوق کی رپورٹ برائے 2022 میں پریس کے ارکان کے لیے اظہارِ رائے کی آزادی اور سیاسی شراکت داری سے متعلق امور پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ اور اسلام آباد میں امریکی سفارتی مشن پاکستانی حکام اور سول سوسائٹیز کے ساتھ باقاعدگی کے ساتھ متعلقہ امور پر بات ہوتی ہے۔اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ سیکریٹری برائے قانونی امور نے کہا ہے کہ پاکستان اہم شراکت دار ہے، اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ پاکستان میں انسانی حقوق کی پاسداری، قانون کی بالا دستی اور جمہوری اقدار کے مساوی اطلاق کی حمایت کے لیے حکومتِ پاکستان اور سول سوسائٹیز کے تمام شعبوں کے ساتھ رابطے جاری رکھے گا۔امریکی محکمہ خارجہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ وسیع تر تعلقات کے لیے کانگریس کی پیش رفت پر اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ اس کا مشکور ہے۔اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی مفادات کے فروغ بشمول انسانی حقوق کی پاسداری کرنے والے خوشحال، جمہوری پاکستان کے لیے کانگریس کے ساتھ مل کر کام کرنا انتہائی اہم ہے۔