غرب اردن ،صیہونی فوج کی دہشتگردی، گذشتہ ہفتے 4فلسطینی شہید،مزاحمت پر1اسرائیلی آباد کار ہلاک

 گذشتہ ہفتے فلسطینی شہریوں اور قابض فوج کے درمیان 79 مقامات پر جھڑپیں ہوئیں،رپورٹ

نابلس (  ویب نیوز)فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے میں گذشتہ ہفتے اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 4فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ قابض فوج کے خلاف فلسطینیوں کی عوامی مزاحمت کے دوران ایک اسرائیلی آباد کار ہلاک اور 11زخمی ہوگئے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران اسرائیلی فوج اور فلسطینی شہریوں کے درمیان غرب اردن میں ہونیوالی جھڑپوں کے نتائج جاری کیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ گذشتہ ہفتے غرب اردن میں فلسطینی شہریوں اور قابض فوج کے درمیان 79 مقامات پر جھڑپیں ہوئیں۔ ان جھڑپوں میں چار فلسطینی شہید ہوئے۔ دوسری طرف فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائی میں جنین شہر میں ایک یہودی آباد کار ہلاک اور 11 زخمی ہوئے۔گذشتہ ہفتے اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں میں 10 مقامات پر جھڑپیں ہوئیں۔ اس روزجنوبی نابلس میں جبل صبیح میں بیتا کے مقام پر زخمی ہونے والا 15 سالہ بچہ محمد حمایل شہید ہوگیا۔اس روز مقبوضہ بیت المقدس میں باب الحطہ، باب العامود اور الشیخ جراح کے مقامات پر بھی فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج میں جھڑپیں ہوئیں۔ غرب اردن میں رملہ ، بیت دجن، نابلس، نعلین، کفر قدوم، قلقیلیہ اور سلفیت میں الراس کے مقامات پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج میں جھڑپیں ہوئیں۔ اسرائیلی فوج اور فلسطینی شہریوں کے درمیان غرب اردن میں 12 مقامات پر جھڑپیں ہوئیں۔ جنین میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے القدس بریگیڈ کے مجاہدجمیل محمود العموری، فلسطینی سکیورٹی فورسز کے دو ارہلکا یاسر توفیق علیوی اور تیسیر محمود عثمان عیسیٰ جام شہادت نوش کرگئے۔