پنجاب کا 2653 ارب روپے کا بجٹ پیش، تنخواہوں، پنشن میں 10 فیصد اضافہ

جنوبی پنجاب کیلئے کل بجٹ کا 35 فیصد خرچ کیا جائے گا، بجٹ میں امن و امان، صحت اور تعلیم پرخصوصی توجہ دی جائے گی

شعبہ صحت پنجاب کیلئے 98ارب مختص کیے گئے ، خصوصی اقدامات کیلئے 91ارب 41کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے

پنجاب کے ترقیاتی بجٹ میں شعبہ آبپاشی کیلئے 31ارب ، انفرااسٹرکچرکیلئے 66ارب ، ای گورننس کیلئے 5 ارب روپے مختص

مختلف اضلاع میں 19نئی یونیورسٹیزبنانے کے لیے ایک ارب 54 کروڑ مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے

پہلے سے 9سروسز پرعائد ٹیکس کی شرح بھی کم کی جا رہی ، کورونا سے متاثرہ تاجروں کیلئے 40ارب روپے ریلیف پیکج کی تجویز ہے

پنجاب کے سالانہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جا رہا ، گریڈ ایک سے 19 کے لیے اسپیشل الائونس کی مد میں پچیس فیصد اضافہ تجویز ہے،وزیرخزانہ ہاشم جواں بخت

لاہور(ویب  نیوز) پنجاب کے مالی سال 22-2021کا مجموعی طور پر 2653ارب روپے کا بجٹ پیش کردیا گیاتاہم اس دوران اپوزیشن نے ایوان میں شدید احتجاج کیا،پنجاب کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں بھی 10 فیصد اضافہ کر دیا گیا ۔وزیرخزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے سالانہ بجٹ 2021-22 کا مجموعی حجم 2653ارب روپے ہے، پنجاب کے سالانہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جا رہا ہے۔ہاشم جواں بخت نے کہا کہ پہلے سے 9سروسز پرعائد ٹیکس کی شرح بھی کم کی جا رہی ہے۔ پنجاب میں کورونا سے متاثرہ تاجروں کیلئے 40ارب روپے ریلیف پیکج کی تجویز ہے۔وزیرخزانہ پنجاب کے مطابق بجٹ میں امن و امان، صحت اور تعلیم پرخصوصی توجہ دی جائے گی۔ خصوصی اقدامات کیلئے 91ارب 41کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔وزیرخزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت نے کہا کہ جنوبی پنجاب کیلئے کل بجٹ کا 35 فیصد خرچ کیا جائے گا۔ جنوبی پنجاب کیلئے 189ارب روپے مختص کرنے کی تجویر ہے۔ہاشم جواں بخت نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ چولستانی علاقوں کی ترقی کیلئے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انصاف آفٹر نون پروگرام کیلئے ساڑھے 6ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ترقیاتی بجٹ میں شعبہ آبپاشی کیلئے 31ارب روپے، انفرااسٹرکچرکیلئے 66ارب روپے، ای گورننس کیلئے 5 ارب روپے اور مختلف اضلاع میں 19نئی یونیورسٹیزبنانے کے لیے ایک ارب 54 کروڑ مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔وزیر خزانہ پنجاب کے مطابق شعبہ صحت پنجاب کیلئے 98ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت یونیورسل ہیلتھ کوریج کو پنجاب میں نافذ کیا جائے گا۔ غریب اورپسماندہ علاقوں کے شہریوں کو صحت کی سہولیات کیلئے 60ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ہاشم جواں بخت کے مطابق بیماریاں کنٹرول کرنے کیلئے اینٹی گریٹڈ پروگرام کے تحت 25 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں 14 ارب روپے کی لاگت سے ایک ہزار بستر پرمشتمل اسپتال کی تعمیرشروع ہو گی۔ ڈسٹرکٹ اورتحصیل ہیڈکوارٹرز اسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ پنجاب بجٹ میں لاہورکیلئے 62 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔وزیرخزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت نے کہا کہ شعبہ صحت پنجاب کیلئے 96 ارب روپے مختص کیے ہیں۔وزیرخزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ گریڈ ایک سے 19 کے لیے اسپیشل الائونس کی مد میں پچیس فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں کم از کم اجرت 17 ہزار پانچ سو سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کر دی گئی۔