لاہور  (ویب ڈیسک)

فیڈ ریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ اور سارک چیمبر  نے آئندہ مالی سال کیلئے پنجاب کے بجٹ کو عوام دوست اور ٹیکس فری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں معاشی ترقی کو تیز کرنے، صحت عامہ کی بہتری، معیاری تعلیم کے فروغ، زراعت کی ترقی، چھوٹے اور  درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی تیز معاشی نمو کے لئے بہترین اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ پیر کو صدر سارک چیمبر اور چیئرمین یو بی جی افتخار علی ملک نے پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ صحت ، تعلیم ، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ، سڑکوں اور مواصلات کیلئے بڑی رقوم مختص کی گئی ہیں اور صنعتوں کیلئے بہترین مراعاتی پیکیج دیا گیا ہے جس سے وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  کے ترقی اور نچلے طبقات کی فلاح و بہبود کے وژن کی واضح عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ معاشرے کے تمام طبقات کی معاشی ترقی، خوشحالی اور لوگوں کے بہتر معیار زندگی کی دستاویز ہے۔ صنعتکاروں کے لئے خصوصی پیکیج معاشی سرگرمیوں میں تیزی لانے، صنعتی پیداوار کو فروغ دینے اور قومی معیشت کے استحکام اور ترقی کی نوید ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت اور معیشت ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے شعبے ہیں جو ترقی اور خوشحالی کے لئے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اس شعبے میں مطلوبہ نتائج کے حصول کے لئے اس پر مکمل عملدرآمد اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ جنوبی پنجاب کے لئے بجٹ میں صحت، تعلیم اور  بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں منصوبہ بندی کی گئی ہے جس میں بہاولپور ، ملتان اور ڈی جی خان ڈویژن شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں فنڈز کی مناسب فراہمی سے صوبے میں مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا اور خاص طور پر غیر ملکی سیاح بھی راغب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں اقلیتوں کی ترقی کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے اور اس کیلئے پچھلے سال کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ رقم مختص کی گئی ہے۔