لاہور اورکراچی میں ویکسین کی قلت پیدا ہو گئی

 لاہور ایکسپو میں ڈیٹا کا ایشو آ رہا ،جلد مسئلہ حل ہو جائے گا،ترجمان

 ویکسین کی کوئی کمی نہیں، کچھ لوگوں کا اصرار ہے باہر جانا ہے، ایسٹرازینیکا لگائی جائے،وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد

کراچی میں سائنو فارم، سائنوویک اور کین سائنو ویکسین موجود نہیں،طبی عملہ

لاہور ،کراچی (ویب ڈیسک)

لاہور اور کراچی کے سب سے بڑے ویکسی نیشن سینٹر میں ویکسین کی قلت پیدا ہوگئی۔ لاہور میں ایکسپو سینٹر میں دوسری ڈوز لگوانے والوں کیلئے سائنو فارم موجود ہے جبکہ انتظار گاہ میں بیٹھے لوگ ویکسین کے منتظر رہے۔ ترجمان نے کہا کہ لاہور  ایکسپو میں ڈیٹا کا ایشو آ رہا ،جلدمسئلہ حل ہو جائے گا۔وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ویکسی نیشن کرانے والوں کی تعداد بہت بڑھ چکی ہے، اس وقت 25 ہزار ڈوز موجود ہیں، ایکسپو سنٹر میں روزانہ 11 ہزار ڈوز لگتی ہیں، ہمارے پاس ویکسین کی کوئی کمی نہیں، کچھ لوگوں کا اصرار ہے باہر جانا ہے، ایسٹرازینیکا لگائی جائے، ایسے افراد کیلئے آج (بدھ) سے ایسٹرا زینیکا لگانی شروع کر دی جائے گی۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ دوسری ڈوز لگوانے والوں کیلئے ویکسین موجود ہے، اس وقت 57 سے زائد موبائل ویکسی نیشن سنٹرز بھی فعال ہیں، ویکسین تاخیر سے پہنچے تو شور مچانا شروع کر دیا جاتا ہے۔اسی طرح کراچی کے سب سے بڑے ویکسی نیشن سینٹر میں چینی ویکسین کی قلت ہوگئی۔ طبی عملے کے مطابق سائنو فارم، سائنوویک اور کین سائنو ویکسین موجود نہیں، صرف 40 سال سے زائد عمر کے افراد کو آسٹرازینیکا لگائی جا رہی ہے۔حکام نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ویکسین کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔