بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، یونیورسٹی آف واہ اور کامسیٹس کا معاہدہ
تینوں جامعات نے کنسورشیم اوریونیورسٹی آف واہ میں بزنس انکیوبیشن سنٹر کے قیام پر اتفاق کیا
اسلام آباد (ویب نیوز )
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے یونیورسٹی آف واہ اور کامسیٹس کے ساتھ مل کر ایک کنسورشیم کے قیام پر اتفاق کیا ہے جس کے تحت تینوں جامعات مل کر مشترکہ تعاون کے کئی ایک منصوبوں سمیت یونیورسٹی آف واہ میں ایک بزنس انکیوبیشن سنٹر قائم کریں گی.
اس معاہدے پر دستخط منگل کے روز بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے نیو کیمپس میں ایک تقریب میں ہوے. معاہدے پر دستخط بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی, وائس چانسلر واہ یونیورسٹی جمیل النبی اور کامسیٹس کے رجسٹرار ڈاکٹر ساجد مدنی نے کیے. اس موقع پر اسلامی یونیورسٹی کے نائب صدر ریسرچ اینڈ انٹر پرائز ڈاکٹر احمد شجاع سید اور جامعہ کے بزنس انکیوبیشن سنٹر کے ڈائریکٹر انجینئر احسن مرزا بھی موجود تھے.
اس کنسورشیم کے تحت اسلامی یونیورسٹی، یونیورسٹی آف واہ کو استعداد کار میں اضافے کے لیے معاونت اور تعاون فراہم کرے گی۔ جامعہ کا ڈائریکٹوریٹ آف ریسرچ اینڈ انٹرپرائز اپنے دو شعبہ جات اوریک اور بزنس انکیوبیشن سنٹر کے ذریعے واہ یونیورسٹی میں بزنس انکیوبیشن سنٹر قیام کے لیے میں رہنمائی اور مدد کرے گا۔ اسلامی یونیورسٹی اس سنٹر کے قیام کے بعد عملے کی تربیت اور سٹارٹ اپس کی شروعات میں بھی جامعہ واہ کی معاونت کرے گی۔ اس معاہدے کے تحت کامسیٹس یونیورسٹی آف واہ کو اسٹریٹجک اور پائیداری کے منصوبے کی ترقی کے لیے مدد فراہم کرے گی جبکہ اس سنٹر کی کیمیونیکیشن اور بزنس پالیسی ترتیب دینے میں بھی مدد کر ے گی۔
تینوں اداروں نے یونیورسٹی آف واہ میں بزنس انکیوبیشن سنٹر کے قیام کے لیے وسائل، تربیت، علم اور معلومات کے تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ تینوں اداروں کے لیے باہمی تعاون پر مبنی انٹرپرینیورشپ کلب کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ تینوں جامعات نے مشترکہ تعاون سے انٹرپرینیورل ورکشاپس، مینٹرشپ سیشنز، بزنس پلان مقابلوں اور سرمایہ کاروں سے جڑنے والے ایونٹس کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ھذال نے کہا کہ یونیورسٹی نے اپنے نئے اسٹریٹجک پلان کے ذریعے ترقی اور کامیابی کی راہ کا تعین کر لیا ہے جس کا سفر اس پلان کے اطلاق سے شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کی حکمت عملی کی روشنی میں یونیورسٹی نے اپنا آن لائن پورٹل بھی لانچ کیا ہے اور ورچوئل لرننگ کے ذریعے یونیورسٹی نے طویل مدتی منصوبے میں 10 لاکھ طلباء کو داخل کرنے کا ہدف رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی دیگر تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کی خواہشمند ہے۔
وائس چانسلر واہ جمیل النبی نے کہا کہ دونوں یونیورسٹیوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے بہت سے مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے معاشرے کے لیے جامعہ کی خدمات کو سراہا۔ ڈاکٹر احمد شجاع سید نے اس موقع پر یونیورسٹی کے وژن، حالیہ اسٹریٹجک پلان اور یونیورسٹیوں کی فیکلٹی کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ قبل ازیں ڈائریکٹر بزنس انکیوبیشن سنٹر نے کنسورشیم کے مقاصد اور دائرہ کار سے بھی آگاہ کیا