سرینگر  (ویب نیوز)

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ اگست میں 19 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ جمعرات کوجاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ان میں سے آٹھ نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا گیا ۔ ان شہادتوں کے نتیجے میں چار خواتین بیوہ اور چودہ بچے یتیم ہوئے۔ بھارتی فوجیوں ،پولیس اہلکاروں ، تحقیقاتی اداروں ” ایس آئی ٹی اور این آئی اے ” نے اس عرصے میں محاصرے اور تلاشی کی 171کارروائیوں کے دوران 150 شہریوں کو گرفتار کیا، جن میں زیادہ تر سیاسی کارکن، نوجوان اور طلباء شامل ہیں ۔ گرفتار کیے جانے والوں میں سے اکثر کے خلاف کالے قوانین ”یو اے پی اے اور پبلک سیفٹی ایکٹ ” کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔بھارتی پیرا ملٹری اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے گزشتہ ماہ مقبوضہ علاقے میں پرامن مظاہرین پر  چلائے جانے والے پیلٹ چھروں اور آنسو گیس کے گولوں سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں کم از کم اٹھارہ نوجوان زخمی ہو گئے۔بھارتی فوجیوں نے اگست میں تین مکانات بھی تباہ کر دیے۔