کراچی / اسلام آباد /  نئی دہلی (ویب نیوز)

  • کسی بھی صورت عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے،کورکمانڈر کراچی
  •  سمندری طوفان کے ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے،پریس کانفرنس

کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ کسی بھی صورت عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ بدین میں اجلاس میں موجود ڈی جی رینجرز سندھ اور جی او سی حیدرآباد سمیت فوجی و سول اداروں کے ذمہ داران نے شرکت کی ۔متعلقہ ذمہ داران نے کور کمانڈر کراچی کو مکمل بریفنگ دی۔کور کمانڈر نے بروقت تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار کی رات گئے بدین میں ہنگامی کانفرنس میں کہا کہ سمندری طوفان کے ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ،اب تک پاک فوج کے دستے ریسکیو کیلئے مختلف مقامات پر پہنچ چکے ہیں ۔کورکمانڈر کراچی نے کہا کہ کسی بھی صورت عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ZS

  • سمندری طوفان کے پیش نظر ساحلی پٹی سے لوگوں کا انخلا جاری رہا،مراد علی شاہ
  • کیٹی بندر کی 13ہزار کی آبادی خطرے میں ہے جن میں سے 3 ہزار افراد کو  محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سمندری طوفان کے پیش نظر ساحلی پٹی سے لوگوں کا انخلا   جاری رہا۔ایک بیان میں مراد علی شاہ نے کہا کہ کیٹی بندر کی 13ہزار کی آبادی خطرے میں ہے جن میں سے 3 ہزار افراد کو  محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا،گھوڑا باڑی کی 5 ہزار آبادی کو خطرہ ہے، جہاں سے 100 افراد کو جبکہ شہید فاضل راہو سے 3 ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ بدین کی ڈھائی ہزار افراد کی آبادی کو سمندری طوفان سے خطرہ ہے، جن میں 540 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ۔وزیرِ اعلی سندھ نے کہا کہ شاہ بندر کے 5 ہزار افراد طوفان کی زد میں ہیں، جہاں سے 90 افراد کو اور جاتی سے 10 ہزار میں سے 100 افراد کو رات گئے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ۔انہوںنے کہا کہ کھاروچھان کی 1300 افراد کی آبادی کو خطرہ ہے، جن میں سے 6 افراد کو رات گئے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ۔

  • سمندری طوفان، 20 سے زائد اضلاع میں فوکل پرسن تعینات
  • ایمرجنسی کی صورت میں 4 ہزار 739 ڈاکٹر آن الرٹ ہیں،محکمہ صحت سندھ

سمندری طوفان بائپرجوائے کے پیش نظر محکمہ صحت سندھ نے 20 سے زائد اضلاع میں فوکل پرسن تعینات کر دیئے۔ فوکل پرسن محکمہ صحت اور دیگر اداروں سے معاونت کریں گے۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق ایمرجنسی کی صورت میں 4 ہزار 739 ڈاکٹر آن الرٹ ہیں اور 12 ہزار سے زائد پیرا میڈیکل اسٹاف کو الرٹ کر دیا گیا۔ محکمہ صحت نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی کل 322 ایمبولینس روڈ پر موجود ہیں، تمام اسپتالوں میں ضروری اقدامات کر لیے گئے ہیں۔سندھ کے محکمہ صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ کنٹرول روم ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کے آفس میں بنایا گیا ہے۔

  • سمندری طوفان بائپرجوائے بھارت سے ٹکرا گیا؛ متعدد ہلاکتیں

طاقتور سمندری طوفان بائپر جوائے بھارتی ریاست گجرات کے ساحل کے قریب پہنچ گیا جب کہ تیز رفتار گرد آلود ہواوں اور سمندری تھپیڑوں سے کم سے کم 7 افراد اپنی جانوں سے پہلے ہی ہاتھ دھو چکے ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برق رفتار اور طاقتور سمندری طوفان بائپرجوائے کے آج کسی وقت بھارت اور پاکستان کے ساحلوں سے ٹکرانے کا امکان تھا۔ اس دوران ہوا کی رفتار 135 کلومیٹر سے 150 کلومیٹر تک چل سکتی ہے۔سمندری طوفان بائپر جوائے سے پاکستان اب تک محفوظ ہے اور یہ اپنا رخ تبدیل کر رہا ہے البتہ یہ طوفان بھارتی ریاست گجرات کے شہر مانڈوی کے ساحل سے ٹکراگیا جہاں کم سے کم 7 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی۔ ان میں دو افراد سمندر میں بہہ گئے تھے۔بحیرہ عرب میں اونچی لہروں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور تیز ہواں نے گجرات کے ساحلی علاقوں کو گھیر لیا، درخت اکھڑ گئے اور کئی گھروں کی دیواریں گرگئیں۔ گجرات کے 8 اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔ اسکولوں میں تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔پاکستان اور بھارت کے لیے خطرہ بننے والا سمندری طوفان بائپر جوائے پیش نظر پیشگی طور پر ماہی گیروں کو سمندروں سے واپس بلالیا گیا تھا اور ساحل کی قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا تھا۔