کرونا کم ہو چکا حکومت تمام کاروبار معمول کے مطابق بحال کرے۔ سردار یاسر الیاس خان
ہوٹلوں، شادی ہالوں اور مارکیز میں انڈور فنکشنز کی اجازت دی جائے

اسلام آباد ( ویب نیوز ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کی مثبت شرح اب ایک فیصد سے بھی نیچے آ گئی ہے لہذا یہ مناسب وقت ہے کہ حکومت کاروبار پر عائد تمام پابندیاں ختم کرے اور ان کو معمول کے مطابق بحال کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہوٹلوں، شادی ہالوں اور مارکیز میں بھی انڈور ڈائننگ اور فنکشنز کی اجازت دے کیونکہ بندش کی وجہ سے یہ کاروباری ادارے پہلے ہی بھاری نقصان اٹھا چکے ہیں۔
سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ آئی سی سی آئی نے این سی او سی، ڈی ایچ او اسلام آباد اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر وفاقی دارالحکومت میں زبردست ویکسینیشن مہم چلائی جس کے تحت تاجر برادری، ان کے ملازمین اور اہل خانہ کو ویکسین لگانے کیلئے اسلام آباد کی مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں ویکسینیشن سنٹر قائم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن مہم کے تحت تقریبا 90فیصد اسلام آباد میں بزنس کمیونٹی سمیت دیگر لوگوں کی ویکسی نیشن کی گئی جس کے نتیجے میں اب اسلام آباد میں کرونا کیسوں میں نمایاں کمی واقع ہو چکی ہے لہذا یہی مناسب وقت ہے کہ حکومت تمام پابندیاں ختم کرے اور سب کاروباری اداروں کو معمول کے مطابق کاروبار کرنے کی اجازت دے تا کہ کاروباری سرگرمیاں بحال کر کے کاروباری طبقہ معیشت کو بہتر کرنے میں فعال کردار ادا کر سکے۔
آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ ہوٹلوں، شادی ہالوں اور مارکیز میں ہزاروں افراد کام کرتے ہیں لیکن کروناوائرس کی بندشوں کی وجہ سے ان میں سے کئی کاروباری ادارے بند ہو چکے ہیں اوربہت سے ورکرز بے روزگاری کا شکار ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اگر ہوٹلوں، شادی ہالوں اور مارکیز میں جلد انڈور دائننگ اور فنکشنز کی سرگرمیاں بحال نہ کی گئیں تومزید کاروباری بند ہوں گے جس سے اور زیادہ ورکرز بے روزگار ہوں گے اور معاشرے میں بدامنی کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
سردار یاسر الیاس خان نے مطالبہ کیا کہ حکومت بندشوں کا شکار کاروباری اداروں کے بینکوں سے لئے گئے قرضوں کو ایک سال کے لئے موخر کرے اور جتنا عرصہ ان کا کاروبار بند رہا اس عرصے کے ان کے یوٹیلیٹی بلوں کو معاف کر ے تا کہ انکو کچھ ریلیف ملے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت احساس ایمرجنسی کیش پروگرام سے بند کاروبار کے ورکرز کی مالی اعانت کرے تا کہ ان کی مالی مشکلات کچھ کم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی مثبت شرح اسلام آباد میں اب ایک فیصد سے بھی کم ہو گئی ہے اور ان حالات میں کاروباری اوقات پرپابندیاں برقرار رکھنے کی ضرورت نہیں ہے لہذا انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ حکومت تمام کاروبار کو معمول کے مطابق بحال کرے تا کہ کاروباری سرگرمیاں جلد بحال ہو سکیں۔